پانچ اگست کی مناسبت سے آئی ایس پی آر نے نیا گانا جاری کر دیا

راولپنڈی:  پاک فوج کی جانب سے 5 اگست کی مناسبت سے نیا گانا ریلیز کر دیا گیا ہے، نغمے کا ٹائٹل ’جا چھوڑ میری وادی‘ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی مرتبہ ایک کشمیری گانے کا مرکزی کردار بنا ہے۔ گانے کا آغاز ایک کلاک کی آواز سے ہوتا ہے جو پچھلے365 دِنوں کی یاد دلاتا ہے۔ گزشتہ 365 دِنوں سے کشمیریوں کو بد ترین ریاستی دہشت گردی اور لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، بھارت بینائی تو چھین سکتا ہے خواب نہیں۔ کشمیریوں کو جَبر کا نشانہ تو بنایا جا سکتا ہے لیکن اُن کے جذبہ آزادی کو مات نہیں دے سکتا۔

کشمیری تنگ آچکا ہے اور دنیا کی توجہ کا منتظر ہے، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا جس میں اُس کے حقِ خود ارادیت کا وعدہ کیا گیا ہے۔کشمیریوں کی آزادی کی یہ چیخ بھی دُنیا کے ایوانوں میں پہنچے گی اور ایک دن کشمیری اپنی آزادی کا حق لے کر رہیں گے۔