مقبوضہ کشمیر ، سید علی گیلانی کو’’ نشان پاکستان‘‘ دینے کی پاکستانی سینٹ کی قرارداد کا خیر مقدم

سرینگر  بزرگ کشمیر ٰی حریت رہنما سید علی گیلانی کو پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ دینے کی سینٹ کی قرارداد کا مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا گیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاکستان کی سینٹ نے پیر کے روز متفقہ طور پر ایک قرار داد پاس کی جس میں سید علی گیلانی کی بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی کیلئے انتھک جدوجہدکے اعتراف میں انہیں ’’نشان پاکستان‘‘ دینے کی سفارش کی گئی۔91سالہ علیل رہنما کے حامیوں نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس کا کافی دیر سے انتظار تھا۔ جامعہ کشمیر سرینگر میں قانون اور بین الاقوامی تعلقات کے سابق پروفیسر ڈاکٹر شیخ شوکت حسین نے کہا کہ سید علی گیلانی پورے جموںوکشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے حق میں ہیں اور انہوں نے انہی خطوط پر مزاحمتی تحریک کی قیادت کی ہے۔

شیخ شوکت حسین نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ سید علی گیلانی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں نشان پاکستان کا اعزاز دیا جا رہا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ گیلانی صاحب اس سے زیادہ کے مستحق ہیں لہذا کسی کو اس بات پر حیرت نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی اس پر اعتراض کیا جانا چاہیے۔ سابق پروفیسر نے نشاندہی کی کہ 1990میں ببھارتی وزیر اعظم مراد جی ڈیسائی کو بھی پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر ’نشان پاکستان ‘‘سے نواز گیا تھا۔سید علی گیلانی کے حامیوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کا اقدام ان عناصر کیلئے ایک مناسب جوا ب ہے جو دونوں طرف خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بزرگ رہنما کے ایک حامی نے کہا کہ سید علی گیلانی کا قد کانٹھ دنیاوی اعتراف سے بالا تر ہے لیکن تاہم یہ ایک خوش آئند فیصلہ ہے اور جو لوگ اس پر تنقید کر رہے ہیں وہ محض اپنی مایوسی کا بدلہ لے رہے ہیں۔

via urdupoint news