وزیر اعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا

تانیہ ایدروس کے خلاف فنڈنگ سے متعلق تحقیقات جاری تھیں، وزیر اعظم نے ان سے استعفیٰ طلب کیا تھا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ان سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس مستعفی ہو گئی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ دہری شہریت کے مسئلے پر ان پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے جس کی وجہ سے انھوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

تانیہ ایدروس نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میری دہری شہریت پر سوال اٹھائے گئے، مجھ پر ہونے والی تنقید ڈجیٹل پاکستان کے وژن پر اثر انداز ہو رہی تھی، عوامی مفاد مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم کو استعفیٰ پیش کرتی ہوں، تاہم میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی خدمت کرتی رہوں گی۔

دوسری طرف ذرایع کا کہنا ہے کہ تانیہ ایدروس نے ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کو ایس ای سی پی میں بہ طور پرائیویٹ کمپنی رجسٹرڈ کروایا تھا، وزیر اعظم نے اس معاملے پر تحقیقات کروائیں تو تانیہ ایدروس انکوائری میں تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔

وزیر اعظم عمران خان کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے آپ کی خدمت میرے لیے باعث عزت رہی ہے، مجھ پر آپ کے اعتماد کی بحالی کے لیے میں آپ کی شکر گزار ہوں۔

انھوں نے لکھا کہ میں صرف ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے مقصد کے ساتھ واپس پاکستان آئی تھی، یہ ایک ایسا تصور ہے کہ جس کا ہمیشہ آپ نے ذکر کیا اور میں نے اسے پھیلایا، میں پاکستانی ہوں اور ہمیشہ رہوں گی۔

دریں اثنا، تانیہ ایدروس کے استعفے کی وجوہ سامنے آ گئی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ تانیہ ایدروس کے خلاف فنڈنگ سے متعلق تحقیقات جاری تھیں، ان کے خلاف ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کی فنڈنگ سے متعلق تحقیقات ہوئی تھیں، جس پر وہ اطمینان بخش جواب نہ دے سکی تھیں۔

ذرایع کے مطابق وزیر اعظم نے تسلی بخش جواب نہ دینے پر تانیہ ایدروس سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔

یاد رہے کہ گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس نے گزشتہ برس 5 دسمبر کو وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل سے استعفیٰ دے دیا تھا، گوگل سے مستعفی ہونے کے بعد وہ سنگاپور سے پاکستان پہنچی تھیں۔

via ary news