پاکستان میں کرونا سے متعلق عالمی اداروں کے اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے، ظفر مرزا

اسلام آباد: معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا سے متعلق عالمی اداروں کے اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں 2 لاکھ 73ہزار میں سے 2 لاکھ 37 ہزار صحت یاب ہوگئے ،پاکستان میں کرونا سے اموات میں 80 فیصد کمی آئی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کے کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے،پاکستان میں وبا میں کمی کا اعتراف عالمی سطح پر بھی ہو رہا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں کرونا سے متعلق عالمی اداروں کے اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں خدشہ ہے پاکستان میں کیسز دوبارہ بڑھ سکتے ہیں، عید پر ہمیں انتہائی ذمہ داری کے ساتھ فیصلے کرنے ہیں، ماضی کے برعکس اس عید پر ہم نے بہت پہلے سے تیاری شروع کی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کے لیے ایس او پیز سے متعلق صوبائی سطح پر نفاذ کیا جا رہا ہے،مویشی منڈیوں میں جائیں تو ماسک پہنیں، بزرگ اور بچوں کو لے کر نہ جائیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ مویشی منڈی جائے بغیر آن لائن جانور خریدنے کو ترجیح دی جائے،کوشش کریں گھر پر قربانی کرنے کے بجائے اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیاجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گھروں پر قربانیوں کے پیش نظر لوگوں کے ہجوم سے گریز کیا جائے۔

via ary news