عیدالاضحیٰ پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، حکومت کا اعلان

اسلام آباد : حکومت نے عید پر ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے اور صارفین کو24گھنٹے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تینوں دن ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے وزارت پاور ڈویژن نے تمام پاورڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے تفصیلات طلب کرلیں۔

وزارت پاورڈویژن ترجمان کا کہنا ہے کہ مام پاورڈسٹری بیوشن کمپنی بجلی کی طلب، رسد کا ڈیٹا فراہم کرے اورعید کے دوران صارفین کو 24 گھنٹے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ترجمان کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملہ24 گھنٹے موجود رہے گا۔

یاد رہے عید الاضحیٰ بروز ہفتہ یکم اگست کو منائی جائے گی، وفاقی حکومت نے بڑی عید پرجمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی دینے کا اعلان کیا تھا ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یہ فیصلہ دیہاڑی دار ، مزدور طبقے کی سہولت اور لاک ڈاؤن سے کاروبار کی بندش سمیت معاشی مسائل کے پیش نظر کیا ہے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تو وائرس کے زیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں۔

via ary news