کورونا وائرس| جموں و کشمیر میں 14فوت،تعداد297

 سرینگر // جموں و کشمیر میں مزید14افراد کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 297تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 22جموں جبکہ 275افراد کشمیر میں فوت ہوئے۔ سنیچر کو 353افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں، اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد 16782ہوگئی۔ ان میں سے3480 جموں جبکہ 13302کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔تازہ 353متاثرین میںسے40سرینگر، 2 بارہمولہ، 83کولگام،59شوپیان،4پلوامہ،36بانڈی پورہ،45جموں،29کٹھوعہ،7 راجوری، 24ادھمپور، 24رام بن، 13سانبہ، 2پونچھ، 4کشتواڑ اور ایک ریاسی سے تعلق رکھتا ہے۔

۔14اموات

 پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں مزید14افراد کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں، ان میں سے 6سرینگر، 2بارہمولہ، ایک شوپیان، 2اننت ناگ، ایک گاندربل اور2 جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ سرینگر شہر میں فوت ہونے والے6افراد میں سے 2خانیار، ایک صدر بل، ایک راجوری کدل، ایک پیر باغ اورایک رعناواری سے تعلق رکھتا ہے۔ سکمز صورہ کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ صدر بل حضرت بل سے تعلق رکھنے والا ایک شخص21جولائی کو دیگر بیماریوں کے علاوہ نمونیا کے ساتھ اسپتال میں داخل کیاگیا، لیکن اس کی کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد وہ سنیچر کو فوت ہوگیا ۔صدر اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’کرالہ ٹینگ راجوری کدل سے تعلق رکھنے والا ایک 68سالہ شخص نمونیا کی وجہ سے 22جولائی کو صدر اسپتال میں داخل ہوا اور 24جولائی کو فوت ہوگیا ‘‘۔آرم مسجد خانیار سے تعلق رکھنے والا ایک45سالہ شخص کو رونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے نمونیا کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ جمعرات دیر شام گئے فوت ہوگیا ۔مذکورہ ڈاکٹر نے بتایا کہ خانیار سے تعلق رکھنے والا ایک 60سالہ شخص جمعرات کو رات دیر گئے فوت ہوگیا لیکن جمعہ کو اسکی رپورٹ بھی مثبت آئی‘‘۔ جے وی سی اسپتال بمنہ کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’پیر باغ سے تعلق رکھنے والی ایک 75سالہ خاتون جمعرات کو رات دیر گئے جے وی سی اسپتال میں فوت ہوگئی لیکن اسکی رپورٹ بھی جمعہ کو مثبت آئی ‘‘۔محکمہ صحت کے ایک افسر نے بتایا ’’ رعناواری سرینگر سے تعلق رکھنے والا ایک 65سالہ شخص نمونیا کی وجہ سے فوت ہوگیا ‘‘۔مذکورہ افسر نے بتایا کہ سی ڈی اسپتال پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد ہی مذکورہ شخص فوت ہوگیا ۔بارہمولہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا ’’  ٹنگمرگ بارہمولہ سے تعلق رکھنے والی 50سالہ خاتون سکمزصورہ اور سوپور سے تعلق رکھنے والی ایک 65سالہ خاتون جسے 21جولائی کو صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ، فوت ہوگئیں ۔  اننت ناگ ضلع میں جمعہ کو 2افراد کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئے ۔ محکمہ صحت کے ایک افسر نے بتایا ’’ملک آنگن  اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی 65سالہ خاتون کو 22جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ جمعہ کو فوت ہوگئی‘‘۔ محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا ‘‘ سرنل بالا اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ایک65سالہ شہری کو17جولائی کو جی ایم سی اننت ناگ میں داخل کیا گیا اور وہ نمونیا کی وجہ سے جمعہ کو فوت ہوگیا ‘‘۔شوپیان میں تعینات محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ریبن زینہ پورہ سے تعلق رکھنے والی ایک 55سالہ خاتون کو16جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ جمعرات کو دیر رات گئے فوت ہوگئی‘‘۔ادھر ڈب گاندربل سے تعلق رکھنے والی ایک50سالہ خاتون بھی نمونیا کی وجہ سے فوت ہوگئی‘‘۔سکمز صورہ میں ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’مریضہ کو 18جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ جمعہ کو دیر شام گئے حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوگئی۔ ادھر جموں صوبے میں جمعہ کو ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت 2افراد فوت ہوئے ۔جی ایم سی جموں میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ گاندھی نگر جموں سے تعلق رکھنے والا  ایک 58سالہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر  18جولائی کو آئی سولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا  لیکن وہ جمعہ کو فوت ہوگیا ‘‘۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ کرن باغ ستواری جموں سے تعلق رکھنے والا ایک 44سالہ شخص بھی رات دیر گئے کورونا وائرس کا جموں میں دوسرا نشانہ بن گیا ۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ مریض کو نمونیا کی وجہ سے 22جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ سحتیاب نہ ہوسکا‘‘۔

 حکومتی بیان

حکومت نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے353نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیںجن میں سے224کا تعلق کشمیر صوبے سے اور 129کا تعلق جموں صوبے سے ہیں اور اس طرح مثبت معاملات کی کل تعداد16782تک پہنچ گئی ہے۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے16782 معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے7269فعال معاملات ہیں ۔ اب تک9217اَفراد شفایاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد296تک پہنچ گئی ،جن میں سے 275کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور21کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران جمعہ کو مزید508مریض صحتیاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے35اور کشمیر صوبے کے 473اَفراد شامل ہیں ، جن کو جموں و کشمیر کے مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک 559399ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے  24جولائی2020ء کی شام تک 542617نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اب تک347939افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں 42781اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ12اَفراد کو ہسپتال قرنطین میں رکھا گیا ہے۔7269کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ40919 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق256662اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔

ملک میں متاثرین کی تعداد13لاکھ سے متجاوز،اموات30601

یواین آئی
نئی دہلی //  ملک میں کورونا وائرس یعنی کووڈ – 19 کی بھیانک صورتحال کے درمیان جمعہ کی شام کو متاثرین کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کرگئی اور اموات کی تعداد بڑھ کر 31000 ہوگئی۔اب تک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی کل تعداد 1312551 ہے، جبکہ کورونا وائرس سے 30821 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی  831059 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔گزشتہ دو دنوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے ایک لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آچکے ہیں۔ اس سے پہلے تین دن کے اندر ایک لاکھ سے زیادہ انفیکشن کے معاملے رپورٹ ہوئے تھے۔ اس سے قبل بدھ کے روز متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ کے پار ہوگئی تھی۔ادھرگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں عالمگیر وباء کورونا وائرس کے ریکارڈ 49310 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، حالانکہ راحت کی بات یہ ہے کہ اسی دوران سب سے زیادہ 34602مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 817209ہوگئی ۔ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران34602 مریض کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے ہیں اور اسی عرصہ کے دوران وائرس کے ریکارڈ 49310 نئے کیسز سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد1287945 ہوگئی اور 740 مریضوں کی اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 30601ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کوروناوائرس کے 426167 فعال کیسز ہیں۔مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال پر نظر ڈالیں تو سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹر میں وائرس کے 895  9نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 298 افراد کی موت ہوگئی۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد347502 ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد12854 ، جبکہ194253 افراد اس وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دوسرے نمبر پر براجمان تمل ناڈو میں اس عرصہ کے دوران6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 88 افراد کی موت ہوگئی ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 192964اور ہلاکتوں کی تعداد3232ہوگئی۔ ریاست میں 136963 افراد کو مختلف اسپتالوں سے رخصت کیا گیا ۔قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی حالت اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے ۔ دارالحکومت میں اب تک 127364 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد بڑھ کر 3745 ہوگئی ہے جبکہ اب تک190065 مریضوں کو مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ۔جنوبی ہندوستان کی ریاست کرناٹک ، متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔ ریاست میں ،80863افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس وبا سے 1616 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ29310 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے اس نے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں اترپردیش اور گجرات کو پیچھے چھوڑ  دیا ہے ۔ ریاست میں 72711افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 884 ہوگئی ہے ، جبکہ 37555افراد شفایاب ہوئے ہیں۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش ، کورونا وائرس کے کیسزکے معاملے میں گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چھٹے نمبر پر آگیا ہے ۔ ریاست میں اب تک104 58کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا کی وجہ سے 1289 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ    35803 مریض ٹھیک ہوگئے ہیں۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کورونا وائرس کے کیسز کے معاملہ میں ساتویں نمبر پر آگیا ہے ، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر ، دہلی اور تمل ناڈو کے بعد چوتھے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں 52477 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2252 افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 37978 افراد اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔مغربی بنگال میں51757 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 1255 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ اب تک 31656 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ایک اور جنوبی ہندوستانی ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اس ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد 50826 تک پہنچ چکی ہے اور 447 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اب تک ،39327 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔راجستھان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 33220تک جا پہنچی ہے اور اب تک 594 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جبکہ 23815افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں۔ ہریانہ میں28975 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 378 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کوروناوائرس کی وباسے مدھیہ پردیش میں 780 ، جموں و کشمیر میں 282 ، پنجاب میں 277 ، بہار میں 217 ، اوڈیشہ میں 114 ، آسام میں 70 ، جھارکھنڈ میں 67 ، اتراکھنڈ میں 60 ، کیرالہ میں 50 ، پڈوچیری میں 34 ، چھتیس گڑھ میں 30 ، گوا میں 29 افراد ، چنڈی گڑھ میں 13 ، ہماچل پردیش 11 ، تری پورہ میں 10 ، اروناچل پردیش میں تین ، میگھالیہ میں چار ، لداخ میں دو اور دادرا نگر حویلی اور دمن دیو میں دو دو افراد کی موت ہوچکی ہے ۔

کووِڈ – 19کی روکتھام

 ڈپٹی کمشنروں کو 50 کروڑ روپے واگزار

سری نگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی صدار ت میں یہاں ایس ڈی آر ایف ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی (ایس ای سی) کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں وکشمیر کے بیس اضلاع کے ڈپٹی کمشنروںکے حق میں 50 کروڑ روپے واگزار کئے گئے تاکہ کووِڈ ۔19 وبائی بیمار ی پر قابوپانے اور کسی بھی پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جاسکیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ یونین ٹریٹری کے تمام اضلاع کی اِنتظامیہ گذشتہ پانچ ماہ سے کووِڈوَبائی بیماری کی روکتھام کی کوششوں میں مصروف العمل ہے۔ اس ضمن میں تمام اضلاع میں شروع کی جانے والی کچھ قابل ذکر سرگرمیاں جن میں اقامتی، قیام و طعام کی سہولیات وغیرہ مہیا کررہی ہیں۔ لکھن پور میں کووِڈ کیئر سینٹروں ، نمونے لینے اور جانچ کی سہولیات کے لئے جموں ریلوے سٹیشن، قاضی گنڈ،رام بن ، جموں اور سری نگر ہوائی اڈوں وغیرہ پرمؤ ثر انتظاما ت کئے گئے ہے ۔ میٹنگ میں اے کے مہتا نے ، فائنانشل کمشنر خزانہ پون کوتوال،فائنانشل کمشنر ریوینو سمرن دیپ سنگھ ، حکومت کے سیکرٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امدادو باز آباد کاری اور تعمیر نونے شرکت کی۔

کشتواڑ،راجوری،پونچھ اور رام بن میں24نئے معاملے مثبت

محمد تسکین+سمت بھارگو-آصف بٹ
کشتواڑ+راجوری+بانہال // ضلع رام بن میں جمعہ کے روز مزید تین افراد کے کووڈ جانچ نتائج مثبت آئے ہیں اور تینوں بانہال میں ریلوے ٹنل کی تعمیراتی کمپنی ABCI کے ورکر بتائے جاتے ہیں جبکہ راجوری اور پونچھ میں 17اور کشتواڑ میں مزیدچار کوروناوائرس متاثرین کے معاملے سامنے آئے۔تفصیلات کے مطابق پچھلے کئی روز سے ضلع رام بن میں کام کرنے والی فورلین شاہراہ اور ریلوے تعمیراتی کمپنیوں کے پچاس سے زائد ورکروں کے کووڈ نمونوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ اس سے کچھ کم تعداد میں فورسز اہلکاروں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ جمعرات کے روز سامنے آنے والے نتائج میں ریلوے ٹنل کی تعمیراتی کمپنی اے بی سی آئی کے بارہ ورکر اور سی آر پی ایف کیمپ چندرکوٹ کے پانچ اہلکاروں کے نتائج مثبت آئے تھے اور مثبت کیسوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ ضلع رام بن میں جمعہ کی دوپہر بعد تک کووڈ مثبت کیسوں کی کل تعداد 455 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے جمعرات کی شام تک 245 افراد صحت یاب ہوکر اپنے اپنے گھروں کو روناہ کئے گئے تھے۔ محکمہ صحت کے حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فورسز اہلکاروں کو چھوڑ کر باقیہ دو سو سے زائد مثبت مریضوں کو کووڈ کئیر سینٹر کھانڈے ہسپتال بانہال ، کووڈ کئیر سینٹر آئی ٹی آئی بانہال اور کووڈ کئیر سینٹر دھرمونڈ بٹوت میں زیر علاج و نگرانی رکھا گیا ہے۔ادھرجمعہ کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں کورونا وائرس کے 17 تازہ معاملات سامنے آئے جن میں راجوری کے علاقے سندر بنی سے 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔جمعہ کو ضلع راجوری سے مجموعی طور پرپندرہ افراد کو مہلک وائرس میں مبتلا پایاگیا۔اس دوران 2 پولیس اہلکاروں سمیت سندر بنی سے5 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔زیادہ تر معاملات ریڈ زون سے سامنے آئے ہیں۔ایڈیشنل ڈی سی راجوری شیر سنگھ نے بتایا کہ ضلع کے کچھ اور علاقوں کو ریڈ زون علاقوں میں شامل کیاگیاہے جن میں سرانو گائوں ، دھنور جرالاں پنچایت کا وارڈ 6 اور کالا کوٹ کا ڈنگیوٹ علاقہ شامل ہے۔ضلع مجسٹریٹ راجوری نے بھی ضلع میں ہفتے کے آخر میں لاک ڈائون نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے جو جمعہ کی شام 8 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک رہے گا۔دریں اثناضلع پونچھ سے کورونا کے 2 معاملات سامنے آئے ہیں تاہم یہ دونوں افراد انتظامی قرنطینہ میں تھے۔ایک افسر نے بتایاکہ دونوں افراد کا سفری پس منظر ہے جنہیں پہلے سے ہی انتظامی قرنطینہ میں رکھاگیاتھااوراب ان میں کورونا کی تشخیص ہونے پر آئیسو لیشن منتقل کیاگیاہے۔درایں اثناء ضلع کشتواڑ میں کوروناوائرس کے 4 نئے معاملے سامنے آئے جو سبھی انتظامی قرنطینہ میں تھے۔ اس کی تصدیق ضلع ترقیاتی کمشنر نے بھی کی۔سبھی افراد اس سے قبل مثبت آئے افراد کے رابطے میں آئے تھے جسکے بعد انہیں قرنطینہ کیا گیا ور انکے نمونے جانچ کیلئے لئے گئے جن کی جمعہ کے روز رپورٹ مثبت آئی ہے۔یہ سبھی پولیس اہلکار ہیں۔اس دوران  5افراد شفایاب ہوئے جنہیں ہسپتال سے گھر روانہ کردیاگیا۔ضلع بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 96 ہوگئی ہے جن میں سے  34افراد ابھی تک صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ  62 افرد ابھی بھی زیرعلاج ہیں۔
via greater kashmir news