اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں سہولت فراہم کرے, کل جماعتی حریت کانفرنس

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرا من حل کیلئے کردار ادا کرے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی اپنے مستقبل کے بارے میں خواہشات جاننے کیلئے آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کرائے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری ظلم و تشدد بند کرانے کیلئے بھارت میں مودی کی فسطائی حکومت پر دباؤ بڑھائے۔
کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اور تحریک وحدت اسلامی نے سرینگرمیں اپنے الگ الگ بیانات میں ہزاروں بھارتیوں کی کشمیر آمد پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارت سے کہاہے کہ وہ ان افراد کی مقبوضہ علاقے میں آمد کامقصد واضح کرے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارت کی فسطائی حکومت کی طرف سے کشمیرمیں مسلمانوں کے وجود اور شناخت کو لاحق خطرے کا نوٹس لے ۔
جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے سرینگر میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے جہاں نہتے لوگوں کاقتل عام ، گرفتاریاں اور چھاپے معمول بن گیا ہے۔
کشمیرکے انسانی حقوق کے علمبردار عبدالقدیر ڈارنے ایک بیان میں جنوبی کشمیرمیں چھاپوں کے دوران گریجوایشن کرنے والے نوجوان اور دیہاتیوں پر بھارتی فوج کےتشددکی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے ایک سروے کے مطابق گزشتہ سال 5 اگست کے بعد سے بھارت کی طرف سے مسلسل نافذ فوجی محاصرے اور انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کی معیشت مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے۔ایک سال میں ریاستی معیشت کو دو ارب دس کروڑ ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور 4لاکھ96ہزار افراد بے روز گار ہوگئے ہیں ۔

via ptv news