یونس خان بطور بیٹنگ کوچ سب کو متاثر کرنے میں کامیاب

ڈربی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جولائی 2020ء ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کی کوچنگ کے انداز نے بیٹسمینوں کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان کیلئے سب سے زیادہ 10099 ٹیسٹ رنز بنانے والے 42 سالہ بیٹسمین پہلے کوچنگ اسائمنٹ پر ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق عام طور سخت گیر سمجھے جانے والے یونس خان دوستانہ ماحول میں ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔

ان کی کوچنگ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے مقابلے میں کسی بیٹسمین کو تکنیک بدلنے کا مشورہ دینے کے بجائے انہیں بتاتے ہیں کہ یہ سٹروک اس طرح کھیلتے تو بہتر تھا۔ عمومی طوپر کوچز بیٹسمینوں کو انداز تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن یونس کسی بھی بلے باز پر اپنی رائے مسلط نہیں کررہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سابق کپتان یونس خان قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق سے بڑے کرکٹر ہیں لیکن اپنے کام تک محدود اور مصباح پر اپنی رائے تھوپنے سے گریز کرتے ہیں۔