نڑھ آبشار، پنج پیر راکس منظرعام پر لانے کا جامع منصوبہ تیار

راولپنڈی، اسلام آباد،مری (خصوصی نامہ نگار، خصوصی نیوز رپورٹر،نمائندہ دنیا) نڑھ آبشار اور پنج پیر راکس کا قدرتی حسن منظرعام پر لائیں گے جس کیلئے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاحت، چیئرمین پی ایچ اے راولپنڈی آصف محمود نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایم این اے صداقت علی عباسی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ کے سیاحتی مقامات کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے اور پنجاب میں ورلڈ بینک کے 12تاریخی مقامات کی بحالی کے پروگرام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ منفرد سیاحتی مقامات ہیں جہاں سیاحوں کی رسائی آسان بنانا ہوگی۔ صداقت علی عباسی نے کہا کہ ٹورازم ہائی وے سیاحوں کیلئے مددگار ثابت ہوگی اور سیاح ٹریفک میں پھنسے بغیر مری، کوٹلی ستیاں سے ہو کر نڑھ کی خوبصورت وادیوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے گھر واپس روانہ ہوجائیں گے۔