ہم بھی اپنے کیسز کو فیس کرنے کے لیے تیار ہیں، امید ہے نواز شریف بھی کیسز کا سامنا کریں گے….بلاول بھٹو زرداری

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا شروع سے مطالبہ ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے، نواز شریف نے واپسی کی تاریخ کا اعلان کیا ہے تو پیپلزپارٹی ویلکم کرے گی، ہم بھی اپنے کیسز کو فیس کرنے کے لیے تیار ہیں، امید ہے نواز شریف بھی کیسز کا سامنا کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بہتر ہوتا لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے ایڈریس کیا جاتا، ہمارے لیول پلیئنگ فیلڈ کے تحفظات خصوصی طور پر ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے اصول واضح ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ سندھ میں ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کی اجازت نہ ہو اور دیگر صوبوں میں ہو، پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈیولپمنٹ سے متعلق وفاق اور تمام صوبوں میں لیول پلیئنگ فیلڈ ایک جیسی ہونی چاہیے، ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے لیے روایت ایک جیسی ہونی چاہیے، میڈیا پر کردار کشی کی ایک مہم چل رہی ہے، پیپلزپارٹی میں ہر روز کوئی نہ کوئی شامل ہو رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نیب کے کیسز پرانے ہیں اور چلتے آرہے ہیں، نیب کیسز کا آئندہ الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، بطور وزیرِ خارجہ میں جو کچھ کر سکتا تھا، کیا، سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست دکھانا اچھا اقدام ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عوام کو غرض نہیں کہ قیدی نمبر فلاں فلاں ہے، کسی کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ کون کیا کر رہا ہے، عوام کو اس وقت ایک امید اور روڈ میپ کی ضرورت ہے، ہماری ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ عام آدمی کو مہنگائی کے دور میں کیسے ریلیف دے سکتے ہیں، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے جو تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے،اسکولوں کی فیسیں، اسپتالوں کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہو چکا ہے، ہم نے مہنگائی میں عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، ہم نے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا، یہ عوام کا حق تھا، ہمارے دور میں کسان خوشحال تھے، آج ملک کو عوام دوست حکومت کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ بینچ بنانے کی صوابدید اس وقت چیف جسٹس کی ہے، جو کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے، پارلیمنٹ کے حوالے سے بہت اہم ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ کینیڈا میں جو قتل کیا گیا ہے اس کے حوالے سے فارن آفس کو کھل کر بات کرنی چاہیے، کینیڈا کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی بلکہ دنیا  بھر کے قوانین کی خلاف ورزی ہوئی، عالمی برادری کب تک بھارت کے اس قسم کے اقدامات کو نظر انداز کرتی رہے گی؟ بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔