سوئی ناردرن کریک ڈاؤن: سیالکوٹ میں چار غیر قانونی گیس نیٹ ورک پکڑے گئے، مزید 229 گیس کنکشن منقطع، گیس چوروں کے خلاف 73 لاکھ روپے بک
سوئی ناردرن نے گیس چوری کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں مزید 229 گیس کنکشن منقطع کردیے، گیس چوری میں ملوث افراد سے 73لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔ سیالکوٹ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران گیس کے چار غیر قانونی نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔ سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشن پر مجموعی طور پر 38 کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری پانچ لاکھ سے زائد رقم بک کی۔راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے 9 گیس کنکشن منقطع کیے۔
مردان میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 13 گیس کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 240,000 روپے بک کردیے۔ سیالکوٹ میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر دس گیس کنکشن کے علاوہ چار غیر قانونی نیٹ ورک منقطع کیے گئے۔ ریجنل ٹیم نے گیس چوروں کے خلاف 12 لاکھ سے زائد رقم بک کردی۔ سرگودھا میں گیس میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر ایک جبکہ غیر قانونی استعمال پر 7 کنکشن منقطع کردیے گئے۔ گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 13 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں ڈھائی لاکھ سے زائد رقم بک کردی۔ گیس کے غیر قانونی استعمال پر گجرات میں کارروائیوں کے دوران 9 صارفین جبکہ کمپریسر کے استعمال پر 2 صارفین کے گیس کنکشن منقطع کردیے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس کے براہ راست استعمال پر ایک جبکہ جعلی میٹر لگانے پر 8 کنکشن منقطع کردیے گئے۔
ساہیوال میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر سات کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری پر 20 ہزار سے زائد رقم بک کردی گئی۔ فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈاؤن کے دوران 29 کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں دس ہزار روپے بھی بک کرلیے۔ لاہور میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ پر 26، کمپریسر کے استعمال پر ایک جبکہ گیس کے غیر قانونی تجارتی استعمال پر بارہ کنکشن منقطع کردیے گئے۔ لاہور ریجنل ٹیم نے گیس چوری کی مد میں 49 لاکھ سے زائد رقم بھی بک کردی۔ بہاولپور میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمپریسر کے استعمال پر 25 جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر سات کنکشن منقطع کردیے۔
ملتان میں ریجنل ٹیم نے 33 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں چالیس ہزار روپے بک کردیے۔ شیخوپورہ میں ڈائریکٹ بائے پاس پر ایک کنکشن منقطع کردیا گیا۔ دوسری جانب یو ایف جی ٹاسک فورس (ہیڈ آفس) کی ٹیم نے پشاور اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے جہاں سروس لائن سے گیس چوری کا انکشاف ہوا جس سے 13 گھروں کو غیر قانونی طور پر گیس فراہم کی جارہی تھی۔ ٹاسک فورس نے کنکشن منقطع کرنے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔