چئیرمین پی ٹی آئی نے جے آئی ٹی میں فوجی افسران پرالزام کی ویڈیو کو تسلیم کرلیا

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے چئیرمین نے جے آئی ٹی کے سامنے اعلی فوجی افسران کیخلاف اپنے سنگین الزامات والے ویڈیو کلپس کوتسلیم کرلیا۔

ذرائع کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی کو اعلیٰ فوجی افسران پر ان کی جانب سے عائد الزامات پر مبنی ایف آئی آر بتائی گئی۔جے آئی ٹی نے چئیرمین پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس ویڈیو کلپس میں لگائے گئے الزامات کا کوئی ثبوت ہے جس پر چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا گیا کہ کیا جنرل فیصل نے آپ کو براہ راست دھمکی دی تو انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی دھمکی نہیں دی گئی۔ذرائع کے مطابق جب پی ٹی آئی چئیرمین سے پوچھا گیا کہ پھر آپ نے الزامات کیوں لگائے تو انہوں نے کہا کہ مجھے کسی نے بتایا تھا۔ میرے پاس اس کا کوئی ثبوت یا گواہ موجود نہیں۔

جے آئی ٹی نے استفسار کیا کہ پھر آپ نے ڈی جی آئی کا نام کیوں لیا؟ کیا  آپ کی جنرل فیصل سے ملاقات ہوئی؟ آپ کس کو ڈرٹی ہیری کہتے ہیں؟چئیرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ  کہ ڈی جی آئی نے پریس کانفرنس کی تھی۔ جنرل فیصل سے ملاقات نہیں ہوئی۔ جنرل فیصل کو ڈرٹی ہیری کہتا ہوں۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے جے آئی ٹی سے کہا کہ اپنے تما م کلپس کو مانتا ہوں اب جانا چاہتا ہوں۔ جے آئی ٹی کی تمام کارروائی دستاویزی طور پر قلم بند کی گئی جس پر چئیرمین پی ٹی آئی کے دستخط بھی لیے گئے۔