برطانوی رکن پارلیمنٹ کا کشمیریوں کے حقوق اوریاسین ملک کا معاملہ حکومت برطانیہ کے ساتھ اٹھانے کا عزم

لندن29مئی() برطانوی رکن پارلیمنٹAndrew Gwynne نے جو کہ لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ کے چیئرمین بھی ہیں، بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار اور بنیادی حقوق کے لیے ان کی جدوجہداور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یسین ملک کو غیر قانونی طور پر نظربند رکھنے کا معاملہ اگلے ہفتے برطانوی حکومت کے سامنے اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
اینڈریو نے یہ یقین دہانی جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل گریٹر مانچسٹر کی جانب سے تنظیم کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین اور مانچسٹر کی لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کو کرائی۔ تقریب کی میزبانی جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل مانچسٹر کی چیئرپرسن روبینہ خان نے کی۔ رکن پارلیمنٹ اینڈریوکے علاوہ اس تقریب میں مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق وزیر اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تمام شرکا ء نے راجہ نجابت حسین اور یاسمین ڈار کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور برطانیہ اور خاص طور پر شمالی برطانیہ میں کشمیرکے حوالے سے مستقبل کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔راجہ نجابت حسین نے روبینہ خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مصیبت زدہ لوگوں کی آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ برطانیہ اور یورپ میں جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے ساتھ تعاون کیا۔Andrew Gwynne نے جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے دونوں عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم کے ساتھ 10سال سے زیادہ عرصے سے کام کر رہے ہیں اور ان لوگوں نے ہمیشہ پارٹی کانفرنسوں سمیت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر برطانوی سیاست دانوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اٹھایا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ جموں و کشمیر کے مصیبت زدہ لوگوںکے بنیادی حقوق اور یاسین ملک کا معاملہ اگلے ہفتے برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے۔