عمران خان نیب میں پیش، 190 ملین پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی پر جواب طلب

 اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نیب میں پیش ہو گئے جہاں ان سے 190 ملین پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان 190 ملین پاؤنڈز کے برطانوی کرائم ایجنسی تحقیقات کیس میں  نیب راولپنڈی پہنچے۔ قبل ازیں نیب آفس کے باہر اور اطراف میں سکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔

نیب کی جانب سے عمران خان کو آج نیب دفتر میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں نیب ٹیم نے عمران خان کو 18 مئی کو طلب کیا تاہم وہ غیر حاضر رہے۔ آج عمران خان کے نیب راولپنڈی پہنچنے پر 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے آج سابق وزیر اعظم عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے شامل تفتیش ہونے کا نوٹس کہا ہے، تاہم عمران خان کی اہلیہ کو آج پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری نہیں ہوا۔

190 ملین پاؤنڈز کیس؛ شہزاد اکبر کی نیب کیس میں طلبی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر مرزا شہزاد اکبر کی نیب کیس میں طلبی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ  کرلیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی ، جس میں شہزاد اکبر کی جانب سے قاسم ودود عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس کی انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور اس کے باوجود انکوائری رپورٹ فراہم نہیں کی گئی۔

وکیل نے استدعا کی کہ نیب کی جانب سے اب ایک اور کال اپ نوٹس دے دیا گیا ہے، عدالت اسے معطل کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  نے ریمارکس دیے کہ ہم اس سے متعلق غور کریں گے۔

واضح رہے کہ مرزا شہزاد اکبر نے وڈیو لنک کے ذریعے نیب تحقیقات میں شامل ہونے کی درخواست دائر کر رکھی ہے جب کہ نیب نے وڈیو لنک کے ذریعے شامل تفتیش ہونے کی درخواست پر تاحال جواب جمع نہیں کرایا۔