اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جنگی جرائم پربھارت کا محاسبہ کرے: حریت قیادت

جموں08 مئی (کےپی این)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں میر شاہد سلیم، اسرار احمد، دیویندر سنگھ بہل، نریندر سنگھ خالصہ اور عاقب احمد نے جموں خطے کے علاقوں پیر پنجال، پونچھ اور راجوری میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
حریت رہنماوں نے جموں میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ شہریوں کے گھروں پر مسلسل چھاپے متعلقہ خاندانوں بالخصوص خواتین اور بچوں کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت ایک مذموم ایجنڈے کے تحت مقبوضہ علاقے میں اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کو نشانہ بنا کر جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا جیسا کہ خطہ پیر پنجال ، پونچھ اور راجوری میں ہو رہا ہے۔حریت قیادت نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مقیم حریت رہنماﺅں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کو شدید ذہنی اذیت دی جارہی ہے۔ حریت رہنماو¿ں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے پر بھارت کا محاسبہ کرے اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قرارداد کے مطابق حل کرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں گروپ 20 کامجوزہ اجلاس علاقے میں بھارتی جنگی جرائم کو چھپانے کے سوا کچھ نہیں۔