ترسیلات زر میں 3فیصد اضافہ، حجم 245 ملین ڈالر ریکارڈ

اسلام آباد: یورپی یونین کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں فروری کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق فروری میں یورپی یونین کے رکن ممالک میں کام کرنیوالے پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 245 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 3 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ سال فروری میں ترسیلات زرکاحجم 238 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ خریداری کا رحجان بڑھ گیا۔ اعدادوشمارکے مطابق فروری میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ 87 ارب روپے کی خریداری کی جوگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 32.9 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ سال فروری میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ 65 ارب روپے کی خریداری کی تھی۔

ادھر پاکستان بیوروبرائے شماریات کی رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مچھلی اور گوشت کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 12.09 فیصد اور16.78 فیصدکی نموریکارڈکی گئی۔

جولائی سے فروری 2022 تک کی مدت میں مچھلیوں سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو300.180 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12.09 فیصدزیادہ ہے جبکہ گوشت کی برآمدات کاحجم 256.97 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 16.78 فیصد زیادہ ہے۔