سعودی عرب میں خواتین کی پہلی بار فوجی پریڈ میں شرکت

ریاض: سعودی عرب میں خواتین نے پہلی بار فوجی پریڈ فدا میں شرکت کی، جس میں 2 ہزار سے زائد مرد و خواتین شامل تھے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پریڈ میں سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے 16 سیکیورٹی کے شعبوں کے ارکان شریک ہوئے، ہتھیاروں سے لیس پریڈ میں پہلی بار آرکسٹرا بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

اس موقع پر شرکاء نے فوجی نظم و ضبط اور ربط میں انفرادی مہارتیں پیش کیں جبکہ فوجی میوزیکل پرفارمنس کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی ریاست کا قیام، سلامتی اور تحفظ کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزارت ثقافت نے “فاؤنڈیشن مارچ” کی سرگرمی کا اہتمام کیا تھا جو دارالحکومت ریاض کے شہزادہ ترکی بن عبدالعزیز اول روڈ پر منعقد کی گئی، اس مارچ میں وزارت داخلہ کی فوجی پریڈ اور دیگر مشہور فنکاروں کی پرفارمنس بھی شامل تھی۔