آج بھارت میں جناح کا نظریہ جیت رہا ہے،ششی تھرور

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما ششی تھرور نے بھارت میں شہریت کے کالے قانون پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ششی تھرو ر نے کہا ہے کہ محمد علی جناح جہاں بھی ہوں گے، دیکھ کر خوش ہوتے ہوں گے کہ دیکھو میں ٹھیک تھا۔ مسلمان ایک الگ ملک کے حقدار تھے کیونکہ ہندو، مسلمانوں سے انصاف نہیں کرسکتے۔

کانگریسی رہنما نے مودی حکومت پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ محمد علی جناح مکمل طور پر جیت گئے لیکن آج بھارت میں جناح کا نظریہ جیت رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اگر سی اے اے کے بعد این پی آر اور این آر سی کو اسی روش پر نافذ کرنے کی کوشش کی گئی تو  پاکستانیوں کے قائد محمد علی جناح کی جیت مکمل ہوجائے گی۔

ششی تھرور نے کہا کہ اگر ہم اس ملک میں لوگوں کو اس بات کا اختیار دے دیں کہ وہ "مشکوک شہریت” کی بنیاد پر لوگوں کو شناخت کرتے پھریں تو آپ کو یقین ہوجانا چاہئے کہ کون سے بھارتی شہری اس تعصب کا نشانہ بنیں گے۔ صرف وہ ایک کمیونٹی جس کا نام قانون میں نہیں لیا گیا۔

کانگریسی رہنما نے کہا کہ اگر ایسا ہوگیا تو جناح کی جیت مکمل ہوجائے گی اور محمد علی جناح  آج دیکھ کر خوش ہوتے ہوں گے کہ دیکھو میں ٹھیک تھا، ہم دو الگ قومیں ہیں اور مسلمان ایک الگ ملک کے حقدار تھے کیونکہ ہندو مسلمانوں سے انصاف نہیں کرسکتے۔