اقوام متحدہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے: صدر ، وزیر اعظم

کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد05 جنوری () صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر مملکت نے آج کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم لوگ تاحا ل حق خود ارادیت سے محروم ہیں اور بھارت ان پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019 سے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی ایک شیطانی مشق میں مصروف ہے تاکہ کشمیری مسلمانوں کو ان کی اپنی سرزمین میں اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے اپنے وعدے کی تکمیل کو یقینی بنائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 74 سال قبل کیے گئے وعدوں کو پورا کرے اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں کو ابھی تک حق خود ارادیت نہیں مل سکا اور بھارت نہ صرف کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت سے انکار کر رہا ہے بلکہ اس نے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ جموںوکشمیر میں پنے جبر و استبداد میں تیزی لائی ہے اور وہ نہتے کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم حق خو د ارادیت منانے کا مقصد عالمی برادری کو مظلوم کشمیری عوام کے تئیں اس کی ذمہ داری یاد دلانا ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کو ان وعدوں کا احترام کرنا چاہیے جو اس نے 74 سال قبل کشمیریوں سے کیے تھے ۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔