پاکستانی پیس اٹیک کمزور زمبابوے پر ٹوٹ پڑنے کو تیار

پرتھ: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کمزور حریف زمبابوے پر ٹوٹ پڑنے کو تیار ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میلبورن میں بھارت کیخلاف میچ میں جیتی بازی ہارنے والی پاکستان ٹیم آج پرتھ میں ایک کمزور ٹیم زمبابوے کو زیر کرتے ہوئے اپنے زخم مندمل کرنے کی کوشش کرے گی۔

روایتی حریف کا سامنا کرتے ہوئے چند مثبت پہلو بھی سامنے آئے مگر چھوٹی غلطیوں کا بڑا خمیازہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا، میلبورن کی پچ کے غیر روایتی مزاج سے پریشان ہوکر ہوکر وکٹیں گنوانے والے کپتان بابر اعظم اور رضوان کیلیے زمبابوے کیخلاف میچ اپنی ناکامی کا ازالہ کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔

شان مسعود نے مشکل صورتحال میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبر 3پر اپنی افادیت ثابت کردی، افتخار احمد بھی دفاع اور جارحیت کے امتزاج سے شاندار اننگز کھیل کر پر اعتماد ہیں، موقع ملنے پر حیدر علی، آصف علی، شاداب خان اور محمد نواز بھی رنز کی پیاس بجھانے کیلیے تیار ہوں گے، فخر زمان کی فٹنس بہتر دکھائی دے رہی ہے۔

وسیم جونیئر کو بھی میدان میں اتارے جانے کا امکان موجود ہے، ان کی جگہ بنانے کیلیے ایک بیٹر کم کیا جاسکتا ہے، انجری کی وجہ سے 2ماہ بعد قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے شاہین شاہ آفریدی بھارت کیخلاف میچ میں ماضی جیسی کارکردگی دہرانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم انھیں آرام دینے کا امکان کم دکھائی دے رہا ہے،

حارث رؤف اور نسیم شاہ بھی بیٹرز کا امتحان لینے کیلیے تیار ہوں،زمبابوین ٹیم اسپنرز کو اچھا کھیلتی ہے،شاداب اور محمد نواز کو اپنی لائن و لینتھ پر خاص توجہ دینا ہوگی،میچ کے دوران ایک انجانا سا خوف بھی گرین شرٹس کے سر پر سوار ہوگا، گزشتہ 2سال میں 2بار زمبابوین ٹیم پاکستان کو اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

نومبر 2020میں ٹائی ہونے والے ون ڈے میچ کے سپر اوور میں گرین شرٹس کو شکست دی تھی،اپریل 2021میں ٹی 20میچ میں 19رنز سے ہرایا تھا۔گزشتہ روز پاکستانی کرکٹرز کی ٹریننگ لازمی نہیں تھی، اس لیے بیشتر نے آرام کیا۔

بابر اعظم، محمد رضوان، شاہنواز دھانی، خوشدل شاہ، حسنین، محمد حارث، فخر زمان اور عثمان قادر نے میدان کا رخ کرتے ہوئے پریکٹس جاری رکھی جبکہ شام کو دوبارہ پلیئرز جمع ہوئے اور فیلڈنگ بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رہی۔

دوسری جانب گزشتہ میچ میں زمبابوے کو جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں بارش کی وجہ سے ایک پوائنٹ ہاتھ آگیا حالانکہ شکست کے آثار نمایاں تھے،بہرحال گزشتہ کچھ عرصہ سے ٹیم جارحانہ مزاج کی کرکٹ کھیل رہی ہے۔

ٹاپ آرڈر میں کپتان ایرون اور ریگس چکابوا ٹی ٹوئنٹی کا اچھا تجربہ رکھتے ہیں،سین ولیمز بھی پریشر میں پرفارمنس دکھانے کے اہل ہیں، ان فارم سکندر رضا بیٹ اور بال دونوں سے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں،ویزلے مدھیویرے اور ملٹن شمبا جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کیخلاف ون ڈے میچ کی فتح میں 5وکٹیں اڑاکر اہم کردار ادا کرنے والے بلیسنگ موزاربانی اور ٹی 20کی جیت میں 4شکار کرنے والے لیوک جونگوے اس بار بھی حیران کرنے کی کوشش کرینگے۔

جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں پھسلنے والے پیسر رچرڈ نگاروا کو آرام دیا گیا تو بریڈ ایونز کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔مطلع آبر آلود ہوگا مگر بارش کا امکان نہیں،پچ تیز اور باؤنسی ہوگی۔