بھارتی فوجی کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں،کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر08 اکتوبر (کے پی این) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ فوجی بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو ان کے گھروں، گلیوں اور سڑکوں سے اغوا کرتے ہیں اور بعد میں انہیں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے بدھ کے روز ضلع شوپیاں میں اسی طرح چار نوجوانوں کو شہید کیا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجیوں ،پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں نے جنوری 1989 سے اب تک 8ہزارسے زائد بے گناہ کشمیریوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو خدشہ ہے کہ فورسز کے اہلکاروں نے ان کے پیاروں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر کرنے کے بعد گمنام اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا ہے جو پورے مقبوضہ علاقے میں دریافت ہوئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو قتل کرنا بھارتی فورسز کے اہلکاروں کا مشغلہ بن گیا ہے کیونکہ انہیں مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کی وجہ سے اپنے وحشیانہ اقدامات کی کھلی چھٹی حاصل ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں گزشتہ 33 برسوں میں ہزاروں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا ہے۔
ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماورائے عدالت قتل میں ملوث فوجیوں کو سزا کے بجائے ترقی اور نقد انعامات سے نوازا جاتا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایسے وحشیانہ قتل ریاستی پالیسی کے تحت کیے جاتے ہیں۔
ترجمان نے نشاندہی کی کہ نئی دہلی نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے کیونکہ جنوری 1989 سے رواں برس 30 ستمبر تک 96ہزار1سو 48 کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرکے کشمیری عوام میں خوف و دہشت پھیلانا چاہتی ہے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کم کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کا قتل اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ میں جاری نسل کشی کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔