مقبوضہ کشمیر:بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہا ہے

اسلام آباد 30ستمبر () بھارت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کے خلاف یکے بعد دیگرے سازشیں کر رہا ہے کیونکہ مودی کی فسطائی حکومت مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کی ہر نشانی کو مٹانے پر تلی ہوئی ہے۔
آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مودی حکومت کشمیریوں کو ان کے عظیم ثقافتی، تاریخی اور مذہبی اہمیت کے مقامات سے محروم کرنے کی سازش کر رہی ہے اور سرینگر میں تاریخی عیدگاہ کی زمین پر قبضہ کشمیریوں کو ان کی روحانی اور مذہبی شناخت سے محروم کرنے کا تازہ ترین منصوبہ ہے۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیاگیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے۔ یہاں تک کہ بھارتی شہریوں کو بھی مقبوضہ کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کیاجاسکے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی ان سازشوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا اور باشعورلوگوں پر زور دیاگیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کشمیریوں کا ساتھ دیں۔رپورٹ کے مطابق کشمیری عوام آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت کی تمام سازشیں اور منصوبے مقبوضہ علاقے میں ناکام بنا کر تحریک آزادی کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔