جج کو دھمکی کیس؛ عمران خان پر آج فرد جرم عائد ہوگی، اسلام آباد میں سکیورٹی سخت

اسلام آباد: خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ آج سابق وزیراعظم عمران خان پر فرد جرم عائد کرے گی۔ اس سلسلے میں عدالت کے اطراف اور وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

خاتون جج کو دھمکی پر توہین عدالت کیس  میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر آج فرد جرم عائد ہو گی۔ اس سے قبل عدالت عمران خان کے دونوں جواب غیر تسلی بخش قرار دے چکی ہے۔ عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے آج 22 ستمبر کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے ، جس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ کرے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس محسن اختر کیانی ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں۔ توہین عدالت کیس کی سماعت آج دن ڈھائی بجے شروع ہو گی۔ اس سلسلے میں پیشی کے دوران ہائی کورٹ کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

وکلا ، لا افسران اور صحافیوں کا کمرہ عدالت میں داخلہ انٹری پاس سے مشروط ہے جب کہ رجسٹرار ہائی کورٹ نے پریس روم اور بار روم میں آڈیو کیس سننے کی سہولت بھی دی ہے۔ علاوہ ازیں کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور حساس مقامات کے علاوہ اہم راستوں پر تعینات نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے۔