مودی حکومت آزاد جموں و کشمیر کے شہری کے دوران حراست قتل کی براہ راست ذمہ دارہے

اسلام آباد04ستمبر() آزاد جموں و کشمیرکے شہری تبارک حسین کے دوران حراست قتل کی براہ راست ذمہ دار مودی حکومت ہے۔

میڈیا سروس کی جانب سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کا رہائشی ذہنی طور پر معذور تبارک حسین جو حال ہی میں غیر ارادی طور پر کنٹرول لائن عبور کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں داخل ہو گیا تھا، بھارتی فوج کی حراست میں شہید ہو گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگست کے مہینے میں ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں غیر ارادی طور پر کنٹرول لائن عبور کرنے کے بعد بھارتی فوجیوں نے اسے گولی مار کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا۔پاکستان کو بدنام کرنے کے اپنے مذموم عزائم کے ایک حصے کے طور پربھارتی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ تبارک حسین کو اسلام آباد نے بھارتی فوجی چوکی پر حملہ کرنے کے لیے بھیجا تھا ۔ چونکہ بھارتی حکام پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے ایک ذہنی طورپرمعذور شخص کو دنیا کے سامنے پیش نہیں کر سکے ، اس لئے انہوں نے اسے حراست میں لے کر شہید کر دیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دوسری طرف پاکستانی حکام نے اتوار کو بتایا کہ ایک 30سالہ ذہنی طور پر معذور شخص کو پاکستان نے اس وقت واپس بھیج دیا جب اس نے ضلع پونچھ میں نادانستہ طور پر کنٹرول لائن عبور کی تھی۔رپوٹ میں کہاگیا ہے کہ پونچھ کے علاقے دیگوارتروان کے رہنے والے محمد راشد کے بارے میں اس کے اہل خانہ نے 30اگست کو لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج نے اسے ہفتے کے روز سول حکام اور پولیس کی موجودگی میں کنٹرول لائن کے چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جو بعد میں اپنے اہل خانہ کے پاس پہنچ گیا۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ گزشتہ چند سالوں میں یہ دوسری بار تھا کہ ایک شخص نے کنٹرول لائن عبور کی لیکن اسے بحفاظت اس کے اہلخانہ کو واپس کر دیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کو پاکستان اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کا سہارا لینے کی عادت ہے لیکن وہ پاکستان اور کشمیر کی تحریک آزادی کے خلاف اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری بھارت کے مذموم ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان مودی حکومت کو بے نقاب کرتا رہے گا اور دنیا کو بھارتی پروپیگنڈے سے گمراہ نہیں ہونے دے گا۔رپورٹ میں اقوام متحدہ پر بھی زور دیا گیاہے کہ وہ مداخلت کرے اورمقبوضہ جموں وکشمیرمیں نسل کشی اور حراستی قتل کے واقعات کو روکے۔