وزیراعظم عمران خان نے آج 4 اہم اجلاس طلب کرلیے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آج چار اہم اجلاس طلب کرلیے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قانونی ٹیم کا اجلاس 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا اور موجودہ صورتحال میں قانونی آپشنز پر غور ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور ہوگا، اجلاس میں مبینہ غیر ملکی دھمکی آمیز خط کے اوپر مشاورت ہوگی اور اجلاس کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج دن ایک بجے ہوگا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا، وزیراعظم آئندہ انتخابات سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت  پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس آج دوپہر 3 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے اور موجودہ سیاسی صورتحال سے قوم کو آگاہ کریں گے۔