مائنس عثمان بزدار کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، رہنما ترین گروپ

لاہور: ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

جہانگیر ترین گروپ نے مائنس بزدار مطالبہ واپس لینے کی حکومتی درخواست ایک بار پھر مسترد کردی ہے۔ گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارے اپوزیشن اور حکومت سے رابطے جاری ہیں، روزانہ کی پیش رفت کے حوالے سے باہمی مشاورت بھی کررہے ہیں، حکومتی شخصیات کو ہر مرتبہ واضح کیا کہ وزیر اعلی پنجاب کی تبدیلی کے بعد ہی مزید مذاکرات ممکن ہیں، اور عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

دوسری جانب ترین گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت الجھاو پیدا کر کے مزید وقت حاصل کرنے کی بے سود کوشش کر رہی ہے، چند ارکان کی وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں آمد کی پرانی تصاویر اور خبروں کو بار بار نشر کر کے خاص تاثر دینے کی کوشش ہو رہی ہے، فیصل جبوانہ، خرم لغاری، اسلم بھروانہ، رفاقت گیلانی نے جہانگیر ترین کی قیادت کو غیر مشروط اور تہہ دل سے تسلیم کیا ہوا ہے۔ جب کہ جہانگیر ترین کی آئندہ ہفتے وطن واپسی کا قوی امکان ہے۔