راولپنڈی ٹیسٹ؛ ریورس سوئنگ کے ماسٹر ایکشن میں آنے کو تیار

لاہور: راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان ریورس سوئنگ کی مدد سے کینگروز پر قابو پانے کا خواہاں ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد ورچوئل پریس کانفرنس میں اظہر علی نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا کی 2 وکٹیں گر جائیں لیکن روشنی کم ہونے سے کھیل جلد ختم کرنا پڑا، کینگروز کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے،مہمان ٹیم کو کئی تجربہ کار بیٹرز کی خدمات میسر ہیں، حریف کو آؤٹ کرنے کیلیے ہمیں بہت اچھی بولنگ کرنا پڑے گی، امید ہے کہ تیسرے روز کے کھیل میں بال ٹرن اور ریورس سوئنگ بھی ہوگی اور مہمان بیٹرز کو مشکلات کا شکار کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کینگروز کیخلاف کھیلنا ہمیشہ ایک سخت چیلنج ہوتا ہے، آسٹریلوی بولرز نے بہترین بولنگ کی، اسی کی وجہ سے پاکستان کا رن ریٹ کم رہا،بعض اوقات وکٹیں نہ گریں تو لگتا ہے کہ رنز بنانا بھی آسان ہے مگر کنڈیشنز کو سمجھ کر رنز بنانا پڑتے ہیں، سلو پچ ہو تو رنز بھی آسانی سے نہیں بنتے، پہلے سیشن میں ہم تیزی سے اسکور نہیں کرسکے، بعد ازاں بہتری لانے کی کوشش کی، ڈبل سنچری مکمل کرنا چاہتا تھا،پیسرز کی گیند ریورس ہورہی تھی، کوشش تھی اسپنر کے مقابلے میں تیزی سے رنز بنائیں جائیں، رسک لیا اور آؤٹ ہوگیا،امام الحق نے بھی ایک بہترین اننگز کھیل کر اچھی بنیاد فراہم کی۔

ایک سوال پر اظہر علی نے کہا کہ جب مجھے لگے گا کہ پاکستان کیلیے اچھا نہیں کھیل سکتا تو کسی دوسرے کھلاڑی کو موقع دوں گا، اپنے ملک میں کینگروز جیسی بڑی ٹیم کیخلاف کھیلنا ایک یادگار تجربہ ہے،سیریز ممکن بنانے پر آسٹریلوی بورڈ اور مہمان کرکٹرز کے شکرگزار ہیں۔

حارث رؤف، حسن علی اور فہیم نے بھی ٹیسٹ اسکواڈ جوائن کرلیا

حارث رؤف، حسن علی اور فہیم اشرف نے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کر لیا،تینوں آسٹریلیا کیخلاف کراچی میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ کیلیے دستیاب ہوں گے، حارث رؤف کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے آئسولیشن میں تھے، اب کی رپورٹ منفی آچکی، قرنطینہ بھی مکمل ہوگیا، انجری کی وجہ سے پنڈی ٹیسٹ کیلیے زیر غور نہ لائے جانے والے حسن علی اور فہیم اشرف نے قرنطینہ مکمل ہونے پر قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔