راولپنڈی ٹیسٹ؛ کھانے کے وقفے تک پاکستان کے 1 وکٹ کے نقصان پر 302 رنز

راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے روز بھی بیٹنگ جاری ہے۔

دوسرے روز 

پاکستان نے  1 وکٹ کے نقصان پر 245 رنز سے میچ کا آغاز کیا۔  کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 302 رنز بنالیے۔ اوپنر امام الحق 154 رنز جبکہ اظہر علی 95 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

آج پاکستان ٹیم میں تین کھلاڑیوں کی واپسی ہوگئی ہے۔  حارث رؤف کورونا رپورٹ منفی آنے پر جبکہ فہیم اشرف اور حسن علی بھی تین دن قرنطینہ مکمل کرکے ٹیم میں شامل ہوگئے۔

پہلا روز

قومی ٹیم نے پہلے روز 1 وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کھانے وقفے سے ایک اوور قبل نتھین لائن نے پیٹ کمنز کے ہاتھوں عبداللہ شفیق کو 44 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

اوپنر امام الحق نے شاندار بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کیرئیر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، وہ 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 132 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اظہر علی نے انکا بھرپور ساتھ دیا اور 64 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ نتھین لائن نے حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے اور اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے، وکٹ آخری دنوں میں اسپینرز کے لیے سازگار ہوسکتی ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

قومی ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، ساجد خان، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارکس لابوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، نتھین لائن اور جوش ہیلزووڈ شامل ہیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر ہے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔