صدرپیوٹن کویوکرین پرحملے کی قیمت چکانا پڑے گی،امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدرجوبائیڈن کا کہنا ہے کہ آمروں کواپنے غلط اقدامات کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔

امریکی صدرجوبائیڈن نے اسٹیٹ آف یونین خطاب میں کہا کہ روس کے صدرولادی میرپیوٹن نے یوکرین کے بارے میں غلط اندازہ لگایا۔آمروں کواپنی غلطیوں کی قیمت چکانا پڑتی ہے انہیں بھی چکانا ہوگی۔

صدرجوبائیڈن کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے یوکرین پرحملہ کرکے آزاد دنیا کی بنیاد ہلانے کی کوشش کی ہے لیکن وہ غلطی پرہیں۔روسی صدرکواپنے غلط فیصلے کی قیمت چکانا پڑے گی جس کے اثرات دیرپا ہوں گے۔

امریکی صدرجوبائیڈن نے روسی طیاروں کے لئے امریکی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا۔ صدربائیڈن کا کہنا تھا کہ فضائی حدود بند کرنے اورروسی شخصیات کے امریکا میں اثاثے منجمد کرنے سے روس مزید تنہائی کا شکار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کے عوام کا روسی جارحیت کیخلاف جذبہ قابل تعریف ہے۔ امریکا یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔