نوازشریف میرے قائد ہیں جو حکم دیں گے ہم وہ فیصلہ کریں گے: شہبازشریف

لاہور: مسلم لیگ (ن)  کے صدر  اور  قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کاکہنا ہےکہ میری پارٹی کے قائد نواز شریف ہیں اور وہ جو حکم دیں گےہم وہ فیصلہ کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ  صاف پانی کمپنی میں خورد برد کے الزام لگائے گئے لیکن عدالت نے تمام گرفتار ملزمان کو باعزت بری کیا،  مجھے نشانہ بنا کر بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی رہی۔

انہوں  نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کی معیشت کوبرباد کرنے میں کسر نہیں چھوڑی،  یہ میرے خلاف کہاں کہاں نہیں گئے،  نیشنل کرائم ایجنسی نے میرے حوالے سے سوئزر لینڈ جاکر چیک کیا لیکن این سی اے کو میرے خلاف کوئی کرپشن نہ ملی، ساڑھے تین سال میں نیب نیازی کو کوئی کرپشن نہیں ملی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کرپشن تمھارے گھر میں ہورہی ہے، اربوں کھربوں کی کرپشن مالم جبہ کہاں گئی؟ قوم آپ سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔

تحریک عدم  اعتماد پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے مزید  کہا کہ تحریک عدم اعتماد 22کروڑ عوام کےلیے کررہے ہیں، غریب ایک وقت کی روٹی کےلیے قاصر ہے اور مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے عدم اعتماد سے متعلق آگے بڑھنے کا فیصلہ کیاہے، میری پارٹی کے قائد نواز شریف ہیں اس حوالے سے جو حکم دیں گے ہم وہ فیصلہ کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر  نے کہا کہ ہمسایوں سے تعلقات ٹھیک کرنے میں نقل کےلیے بھی عقل چاہیے، ہمسایہ ممالک سے تعلقات ٹھیک کرنے میں ہمیں رول ادا کرنا چاہیے۔