بھارت ’جتھوں کی شکل میں تشدد ‘کرنے والا ملک بن چکا ہے، ارون دھتی رائے

نئی دہلی: بھارت کی عالمی شہرت یافتہ مصنفہ ارون دھتی رائے کا کہنا ہے کہ بھارت مسلمانوں اوردیگراقلیتوں پرجتھوں کی شکل میں تشدد کرنے والا ملک بن چکا ہے۔

بھارتی چینل کوانٹرویو میں مصنفہ ارون دھتی رائے کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہندوقوم پرستی بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔

بھارت گزشتہ 5 سال کے دوران ’جتھوں کی شکل میں تشدد‘ کرنے والی قوم بن چکی ہے۔ہندوانتہاپسند جتھے دن دھاڑے مسلمانوں اوردلتوں کوبدترین تشدد کا نشانہ بنا کرقتل کرکے ویڈیوز دیدہ دلیری سے یوٹیوب پرڈال دیتے ہیں۔

بھارت کی موجودہ صورتحال مایوس کن ہے۔ ہندوقوم پرستی کی وجہ سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرکوآزادی حاصل ہونا چاہئیے۔ کشمیری بھارت کا حصہ کیوں بننا چاہئیں گے۔

ارون دھتی رائے کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اس وقت افراتفری، انتشار اورکنفیوژن کا شکارہے۔ایک وقت آئے گا کہ بھارت میں لوگ نریندرمودی اوربی جے پی کے فاشسزم کی مزاحمت کریں گے۔