حجاب تنازع؛ شبانہ اعظمی کا کنگنا کے طنز پر بھرپور جواب

ممبئی: بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ شبانہ اعظمی نے کنگنا رناوت کو حجاب تنازع  پر طنز کرنے پر بھرپور جواب دیا ہے۔

بھارت کی مختلف ریاستوں میں حکومت کی جانب سے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پر پابندی کے بعد زبردست ہنگامہ آرائی اور احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔

ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے حجاب میں ملبوس مسلم لڑکیوں اور خواتین کو ڈرانے اور ہراساں کرنے کے خلاف جہاں کئی مشہور شخصیات نے آواز اٹھائی ہے وہیں اداکارہ کنگنا رناوت جیسی معتصب پسند اداکارہ نے انتہاپسندوں کے اس فعل کی حمایت کی ہے۔

کنگنا رناوت اداکاری کے بجائے دیگر معاملات میں کود کر ان پر غیر ضروری بیانات جاری کرکے معاملے کو متنازع بنانے کے لیے مشہور ہیں۔ کنگنا کی ان حرکتوں سے خود ان کے ملک کے لوگ بھی بے حد پریشان ہیں۔

اپنی اسی روایت کو قائم رکھتے ہوئے کنگنا نے ایک بار پھر حجاب تنازع میں کود کر ایک انتہائی غیر ضروری بیان جاری کیا ہے جس کا بھارت میں باحجاب خواتین کے مسئلے سے کوئی لینا دینا ہی نہیں۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بھارت میں باحجاب خواتین کی حمایت کرنے والوں پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’اگر آپ ہمت دکھانا چاہتے ہیں تو افغانستان میں برقعہ نہ پہن کر دکھائیں۔ خود کو پنجرے میں قید نہیں بلکہ آزاد کرنا سیکھو‘‘۔

کنگنا رناوت کے اس طنز پر اداکارہ شبانہ اعظمی نے انہیں بھرپور جواب دیا ہے۔ شبانہ اعظمی نے کنگنا کی پوسٹ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کراتے ہوئے کہا ’’اگر میں غلط ہوں تو مجھے درست کریں۔ لیکن افغانستان ایک تھیوکریٹک ریاست (مذہب پرست ریاست)  ہے اور جب میں نے آخری بار چیک کیا تھا تو ہندوستان ایک سیکولر جمہوری ریاست تھا؟!!!

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی ریاست کرناٹک کے کالج کی طالبہ مسکان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ہندو انتہا پسندوں سے ڈرنے کے بجائے ان کے سامنے نعرہ تکبیر بلند کرتی ہے۔ مسکان کی اس بہادری پر دنیا بھر سے اس کی ہمت و جرات کو سراہا جارہا ہے۔