چیف جسٹس کا بریگیڈیئر اسد منیر کی مبینہ خودکشی سے قبل لکھے گئے خط پر نوٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی مبینہ خود کشی سے قبل لکھے گئے خط پر نوٹس لے لیا۔

جیونیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے لاہور رجسٹری میں مختلف کیسوں کی سماعت کے بعد بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی جانب سے لکھے گئے خط پر ازخود نوٹس لیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے اسد منیر کے دائر ریفرنسز اور اس حوالے سے اب تک کی جانے والی تحقیقات کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

واضح رہےکہ بریگیڈیئر (ر) اسد قریشی کی لاش 15 مارچ کو اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔

اسد منیر کے خلاف نیب میں تحقیقات جاری تھیں اور ان پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اسد منیر کی جانب سے اپنی خود کشی سے قبل ایک خط بھی تحریر کیا گیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ نیب انہیں بے بنیاد مقدمات میں نامزد کر رہا ہے، نیب کے رویئے سے تنگ کرخودکشی پر مجبور ہو رہا ہوں۔

انہوں نے اپنے خط میں چیف جسٹس آف پاکستان سے معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل بھی کی تھی۔