کل جماعتی حریت کانفرنس کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے بھارتی جابرانہ اقدامات کی مذمت

سرینگر10 فروری (کے پی این)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے بھارتی جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر پوسٹ نیوز کے مطابق مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف کشمیر کی مزاحمتی تحریک کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے حوالے سے بھارتی سازشوں اور مذموم عزائم کا تلخ تجربہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں حالات پر امن ہونے کا غلط تاثر دے کر بین الاقوامی برادری کو دھوکہ دینے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔مولوی بشیر احمد عرفانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ کی طرف سے محمد مقبول بٹ کے یوم شہادت پر دی جانے والی ہڑتال کی کال کا اعادہ کرتے ہوئے آزادی پسند عوام سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے آزادی پسند عوام شہید محمد مقبول بٹ کے مقدس مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عہد کرتے ہیں۔