عراق : ہوائی اڈے پر راکٹوں اور ڈرون طیارے کے ذریعے حملہ  

عراق : ہوائی اڈے پر راکٹوں اور ڈرون طیارے کے ذریعے حملہ

 

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق میں بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 6 راکٹوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق داغے جانے والے راکٹ رن وے اور عمارت کے ایک جانب گرے۔ حملے کے نتیجے میں طیارے اور تنصیب کو نقصان پہنچا، مذکورہ طیارہ خارج از خدمت تھا۔ مزید یہ کہ راکٹ شکن نظام نے کچھ راکٹوں کو ہوائی اڈے کے اطراف میں مار گرایا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون طیارے کے حملے میں امریکی فوجی اڈے وکٹوریا کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائی صبح چار بجے کی گئی تاہم دفاعی نظام (C-RAM) اس ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے قبل مار گرانے میں کامیاب رہا۔

عراقی فضائی کمپنی نے ہوائی اڈے پر راکٹوں سے حملے میں بعض خارج از خدمت طیاروں کو نقصان پہنچنے کا اعلان کیا۔ کمپنی کے مطابق مسافروں کے لیے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔

رواں ماہ میں امریکی فوجی اڈے وکٹوریا پر یہ تیسرا حملہ ہے۔

عراق میں ملیشیا "ابابیل بریگیڈز” نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ زیر گردش وڈیو میں مذکورہ ملیشیا 5 جنوری 2021ء کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں واقع امریکی فوجی اڈے کی سمت ڈرون طیارے بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔

عراقی میڈیا نے بتایا تھا کہ 5 جنوری کو علی الصباح بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 4 کیٹوشیا راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ راکٹ ہوائی اڈے کے نواح میں الجہاد کے علاقے سے داغے گئے تھے۔