پی ایس ایل؛ مدوگالے پہلی بار ذمہ داری نبھانے کیلیے تیار
لاہور: رنجن مدوگالے پہلی بار پی ایس ایل میں ذمہ داری نبھانے کیلیے تیار ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 7 کے 30 لیگ میچز کے لیے امپائرز اور میچ ریفریز پینل کا اعلان کردیا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے پہلی بار ذمہ داری نبھائیں گے، انھوں نے 2 سال قبل بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں بھی میچ ریفری کی ذمہ داریاں ادا کی تھیں۔وہ 30 مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ کراچی کنگز میچ میں پہلی مرتبہ پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔
رنجن مدوگالے کے ساتھ روشن مہانامہ بھی ریفری کی ذمہ داریاں ادا کریں گے، وہ 27 جنوری کو افتتاحی میچ سمیت7 میچز میں فرائض انجام دیں گے۔
پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفریز علی نقوی، افتخار احمد اور محمد جاوید ملک بھی لیگ میں ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ علیم ڈار، مائیکل گف، رچرڈ ایلنگورتھ، احسن رضا، آصف یعقوب، فیصل آفریدی، امتیاز اقبال، عمران جاوید، ناصر حسین، راشد ریاض، شوزب رضا اور ولید یعقوب امپائرنگ کریں گے۔
فائنل سمیت پلے آف میچز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔