عباس پور میں مہمان بن کر آ ئے دو افراد کی فائرنگ ، ایک بھائی جاں بحق ،دوسرا زخمی

عباس پور()آزاد کشمیر کے علاقے عباس پور میں گھر میں مہمان بن کر آئے دو افراد کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا، اہل خانہ نے دونوں افراد کو کلہاڑیوں کے وار کرکے زخمی کردیا، پولیس نے دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،رشتہ داروں نے نعش اٹھا کرعباس پور پل پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو بلاک کردیا،انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا ۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز صبح عباس پور کے نواحی علاقے کوٹ  چھٹیالمیں پیش آیا ، ورثاء نے پولیس کو بتایا کہ 2 افراد ثقلین سرفراز ولد سرفراز احمدسکنہ اپر گمھیر اور عثمان افراز ولد محمد افراز خان ساکنہ نمبل گمھیر تحصیل ہجیرہ سیدعزیز شاہ  کے گھر مہمان کے طور پر آئے تھے۔

اہل خانہ نے بیان دیا کہ مقتول کی عدم موجودگی میں مہمانوں کی چائے سے تواضع کی گئی اور جیسے ہی عزیز شاہ اپنے گھر میں داخل ہوئے تو مہمان بن کر آنے والے مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے عزیز شاہ جاں بحق  اور اس کا بھائی سخاوت شاہ شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اہل خانہ نے دونوں افراد پر کلہاڑیوں کے وار کرکے انہیں زخمی کردیا اور پولیس کو اطلاع دی جس پر دونوں افراد کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔

نعش اور زخمیوں کو عباسپور ہسپتال لایا گیا جہاں ان کے اور رشتہ داروں نے نعش اٹھا کر عباسپور پل پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کر دی  مظاہرین کا کہنا تھا کہ عباسپور انتظامیہ موقع پر تاخیر سے پہنچی اور مقتول اور اس کے اہلخانہ کی دادرسی کے بجائے قاتلوں پر توجہ دی گئی۔

بعد ازاں ڈی ایس پی عباسپور راجہ پرویز حمید، اے ڈی سی عباسپور سردار عمر فاروق، ایس ڈی یم عباسپور ملک عبدالحلیم اور دیگر انتظامیہ نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے اور ان ذمہ دار آفیسران نے اپنی ذمہ داری پر احتجاج ختم کروایا اور ورثاء کو یقین دلایا کے ان قاتلوں سے پوری تحقیق کی جائے گی اور ورثا کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا جس پر مظاہرین نے احتجاج حتم کر دیا۔ دونوں ملزمان بھی THQ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔