
شوبز کی وہ شخصیات جنہوں نے 2021 میں اپنی ماں کو کھو دیا
رواں سال جہاں پاکستان کی کئی نامور شخصیات کو ان کے چاہنے والوں نے الوداع کہا وہیں کچھ اداکاروں کی مائیں بھی ان سے بچھڑ گئیں۔
آئیے جانتے ہیں کون ہیں وہ شوبز شخصیات جن کی مائیں 2021 میں انتقال کرگئیں۔
ندا یاسر

معروف میزبان، اداکارہ اور ہدایت کارہ ندا یاسر اور اسپورٹس اینکر سویرا پاشا کی والدہ فہمیدہ نسرین رواں برس ماہِ فروری میں انتقال کرگئی تھیں۔
ندا یاسر نے والدہ کے انتقال کی تصدیق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ والدہ طویل علالت کے بعد اس دنیا کو خیرباد کہہ گئیں۔
شگفتہ اعجاز

معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز کی والدہ کا انتقال مارچ میں ہوا، اداکارہ کی والدہ کئی عرصے سے بیمار تھیں اور اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
سعد قریشی

پاکستانی اداکار سعد قریشی کی والدہ جون میں کورونا کے سبب دنیا سے چلی گئی تھیں۔
اداکار نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کی والدہ 56 روز کورونا کی وجہ ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث اسپتال میں زیرعلاج رہیں۔
بومن ایرانی

بھارتی اداکار بومن ایرانی کی والدہ کا انتقال 94 سال کی عمر میں جون میں ہوا، اداکار نے اپنی والدہ کے انتقال کی اطلاع انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی تھی۔
اکشے کمار

بالی وڈ میں کھلاڑی کے نام سے مشہور اکشے کمار بھی ان ہی لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے اس سال ماں جیسی ہستی کو کھویا۔
اداکار کی والدہ کا انتقال رواں برس ستمبر میں ہوا۔
ثناء فخر

ثناء فخر کی والدہ کا انتقال 2021 میں ماہِ اکتوبر میں ہوا، اداکارہ نے انسٹاگرام پر والدہ کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنی والدہ کو اب مزید نہیں دیکھ سکیں گی کیونکہ وہ یہ دنیا چھوڑ کر جاچکی ہیں۔
عمران عباس

اداکار عمران عباس کی والدہ کا انتقال رواں ماہ کی 15 تاریخ کو ہوا۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’الوداع میری ماں، میں اب ان قدموں کو مزید چوم نہیں سکوں گا، آج میں نے اپنی جنت کھو دی، برائے مہربانی میری ماں کیلئے سورۃ الفاتحہ پڑھیں‘۔