پی ایس ایل7؛ بڑے ناموں کیلیے بھی جگہ کم پڑگئی

کراچی: پی ایس ایل7میں بڑے ناموں کیلیے بھی جگہ کم پڑگئی، کئی غیرملکی سپر اسٹارز مختلف وجوہات کی بنا پر منتخب نہ ہوسکے جب کہ چند آؤٹ آف فیورٹ پاکستانی کرکٹرزکی چمک بھی ماند پڑگئی۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کیلیے اتوار کو لاہور میں پلیئرز ڈرافٹ ہوا جس میں تمام فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دی،اس ڈرافٹ میں کئی بڑے غیرملکی پلیئرز کو کسی بھی ٹیم نے منتخب نہیں کیا، ان میں ویسٹ انڈیز کے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کو تیار کرس گیل بھی شامل ہیں۔

ڈیوڈ ملر، تبریز شمسی اور شمرون ہٹمائر کی صلاحیتوں میں بھی کسی ٹیم نے دلچسپی نہیں دکھائی، اسی طرح ڈیوڈ ویلی، سندیپ لامی چنے اور کیمرون ڈیلپورٹ بھی منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں، بعض کھلاڑیوں کی صرف چند روز کیلیے دستیابی بھی فرنچائزز کی عدم دلچسپی کا سبب بنی۔

اسی طرح پاکستان کے کچھ نمایاں نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹرز بھی فرنچائزز کے معیار پر پورا نہیں اترسکے، ان میں احمد شہزاد بھی شامل ہیں،ان کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئرمختلف وجوہات کی بنا پر ادھورا رہا،اس بار پی ایس ایل میں بھی کسی فرنچائز نے ان میں دلچسپی نھیں لی، عثمان شنواری اور موسیٰ خان بھی مایوس پلیئرز میں موجود ہیں۔

اسی طرح زاہد محمود، ناصر نواز، صاحبزادہ فرحان، سہیل خان، جنید خان، عاکف جاوید، عماد بٹ، دلبرحسین اور محمد عرفان کو بھی کسی ٹیم میں جگہ نہ مل سکی، یہ سب اب گھر بیٹھ کر پی ایس ایل مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے۔