والد کو شہید کرکے بھارتی فوجی ہنس رہے تھے: گڑگڑاتی کشمیری بچی کی دل سوز ویڈیو وائرل

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک کم عمر لڑکی کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ قابض فورسز کی جانب سے سنگدلی سے اپنے والد کو شہید کرنے کی روداد سنا ر ہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے یکم اکتوبر 2021 سے اب تک بھارتی فورسز کے ہاتھوں 30 کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کیا جا چکا ہے۔

چند روز قبل بھی بھارتی فورسز نے حیدر پورہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں 4 کشمیریوں کو شہید کیا تھا جس میں الطاف احمد بھٹ نامی کشمیری شہری بھی شامل تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الطاف احمد بھٹ کو بھارتی فورسز نے ایک انکاؤنٹر کے دوران انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے شہید کیا۔

الطاف بھٹ کی بیٹی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ روتے ہوئے بتا رہی ہے کہ میرے چچا کو فون آیا تو انہوں نے رونا شروع کر دیا، باہر سڑک پر چیخنے چلانے کی آوازیں آ رہی تھیں، میں فوراً بھاگ کر باہر گئی اور اللہ تعالی سے دعائیں کر رہی تھی۔

کشمیری بچی کا کہنا تھا کہ قابض بھارتی فورسز نے میرے کزن کو بھی دو بار پکڑا اور گاڑی پر چڑھا کر چھوڑ دیا لیکن تیسری بار اسے بھی شہید کر دیا، جو وہاں گواہ تھے ان کو بھی شہید کر دیا۔

بچی کا گڑگڑاتے ہوئے مزید کہنا تھا جب میں نے بھارتی فوجیوں سے کہا کہ انکل آپ نے یہ کیا کیا تو آگے سے وہ بہت بے شرمی سے ہنس رہے تھے۔

کشمیری بچی کا کہنا تھا کہ میرا بھائی بہت چھوٹا ہے، وہ بابا سے بہت زیادہ قریب تھا، اسے ہم کیا جواب دیں گے، کیسے سمجھائیں گے؟