کشمیریوں کا قتل ،انسانیت، جمہوریت اور انصاف کا خون ہے عوامی مجلس عمل اس المناک گھڑی میں کشمیری عوام شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں

سری نگر()جموں و کشمیر عوامی مجلس عمل نے  ماورائے عدالت شہادتوں  پر شدید فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔بیان میں الطاف احمد بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان دونوں کو فورسز نے جس طرح سے شہید کیا ہے وہ انسانیت، جمہوریت اور انصاف کے خون کے مترادف ہے۔”بیان میں اس ہلاکت کو حقوق انسانی کی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے لاشوں کو لواحقین کو سپرد کئے جانے کی حمایت کی گئی اور کہا گیا کہ دکھ کی اس المناک گھڑی میں کشمیری عوام ان کے ساتھ نہ صرف کھڑے ہیں بلکہ متاثرین کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔کے پی آئی کے مطابق تنظیم نے کہا کہ” 1947 سے لیکر آج تک جموں و کشمیر میں جس تواتر اور تسلسل کے ساتھ قتل و غارت خون خرابہ اور بنیادی انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ سب کچھ مسئلہ کشمیر ہی کا شاخسانہ ہے اور جب تک اس بنیادی نوعیت کے تنازع کو بھارت، پاکستان اور کشمیری عوام مل بیٹھ کر ایسا مستقل حل نہیں نکالتے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہو تب تک خطے میں دائمی امن و سلامتی کا قیام ممکن نہیں ہے۔”