بھارتی حکومت کا کل سے کرتارپور راہداری کھولنے کا اعلان

بھارتی حکومت نے کل سے کرتارپور راہداری کھولنے کا اعلان کردیا۔

بھارت کے یونین ہوم منسٹر امیت شاہ نے ٹوئٹر پر جاری بیان کے ذریعے کل سے کرتارپور راہداری کھولنے کا اعلان کیا۔

بھارتی وزیر کی جانب سے بابا گرو نانک کی سالگرہ کی تقریبات شروع ہونے سے دو روز قبل  راہداری کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ روز بھارت نے 19 نومبر سے راہداری کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

امیت شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی کی حکومت نے کل 17 نومبر سے کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اہم فیصلے سے لاتعداد سکھ زائرین فائدہ اٹھاسکیں گے۔

بھارتی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت کا یہ فیصلہ گرو نانک اور سکھ کمیونٹی کی تعظیم کا عکاس ہے، یقین ہے کہ بھارتی حکومت کے اس فیصلے سے ملک بھر میں خوشیاں پروان چڑھیں گی۔

بھارتی میڈیا کےمطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ سمیت نوجووت سدھو اور متعدد سکھ رہنماؤں نے حکومت سے کرتارپور راہداری کھولنے کی درخواست کی تھی جب کہ اس سلسلے میں گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ امریندر سنگھ اور سدھو نے ٹوئٹ بھی کی۔