مقبوضہ کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل معمول بن چکا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرجواب دہ بنایا جائے

اسلام آباد() پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں چار نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کررہا ہے۔دفترخارجہ کے ترجمان کا بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں مزید چارکشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔بھارتی فورسزیکم اکتوبرسے اب تک جعلی مقابلوں اورکارروائیوں میں کم ازکم پچیس کشمیریوں کوشہید کرچکی ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل،غیرقانونی حراست،ہراساں کرنا اوربنیادی آزادیوں پرپابندی معمول بن چکا ہے۔بھارت کوسمجھنا چاہئیے طاقت کا بے تحاشا استعمال اوروحشیانہ پابندیاں کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کودبا نہیں سکتیں۔کشمیری بھارت کی ریاستی دہشتگری کیخلاف منصفانہ مقصد کے لئے پرعزم ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے ساتھ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے جنگی جرائم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت جامع ڈوزئیرمیں پیش کئے ہیں۔عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے لئے بھارت کوجواب دہ بنایا جائے۔