کوہلی کا ایک اور ریکارڈ بابرکی دسترس میں آگیا

لاہور:  ویراٹ کوہلی کا ایک اور ریکارڈ بابر اعظم کی دسترس میں آگیا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 2500رنز مکمل کرنے کیلیے 7 اننگز میں صرف 98 بنانے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کا ستارہ مسلسل عروج کی جانب گامزن ہے، عالمی ریکارڈز ایک ایک کرکے ان کی جھولی میں گرتے چلے جا رہے ہیں،60ٹی ٹوئنٹی اننگز میں پاکستانی اسٹار نے تمام بلے بازوں کو پیچھے چھوڑا ہوا ہے۔ انھوں نے ابھی تک 60 اننگز میں 2402 رنز جوڑے، بھارتی کپتان نے اتنی ہی اننگز کھیل کر 2167 رنز بنائے تھے، دیگر کامیاب بیٹسمینوں میں ایرون فنچ 1934، محمد شہزاد 1816، برینڈن میک کولم 1814، مارٹن گپٹل 1810 اور کین ولیمسن 1723 رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے تھے، مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں تیز ترین 2500رنز مکمل کرنے کیلیے انھیں 7اننگز میں صرف 98بنانے کی ضرورت ہے،بھارتی کپتان نے یہ سنگ میل 68اننگز میں عبور کیا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 12 ٹیموں سے میچز کھیلتے ہوئے ان میں سے 11 کے خلاف کم از کم ایک ففٹی ضرور بنائی، کپتان ابھی تک صرف سری لنکا کے خلاف 50 کی اننگز نہیں کھیل پائے۔ یاد رہے کہ رواں ورلڈکپ میں بابر اعظم 66 کی اوسط سے 198 رنز بنا کر جوز بٹلر (214)اور محمد رضوان (199) کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔