جہلم میں کالعدم ٹی ایل پی کا مارچ روکنے کےلیے پلوں پر دیواریں تعمیر

راولپنڈی: حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی کا مارچ روکنے کےلیے جی ٹی روڈ پر چناب و جہلم کے مقامات پر رابطہ پلوں پر کنٹینرز کے بعد دیواریں کھڑی کرنا شروع کردیں۔

پلوں پر مختلف مقامات پر حفاظتی باڑ توڑ کر رکاوٹوں کے لیے وقفے وقفے سے بند کی شکل میں دیواریں تعمیر کی جارہی ہیں۔ مارچ کے شرکاء کے پاس جدید تین سے چار ہیوی کرینیں اور ایکسیکویٹرز سمیت مختلف مشینیں بھی ہیں۔

آر پی او راولپنڈی عمران احمر بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جہلم میں خود موجود رہ کر صورتحال کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ رینجرز بھی چناب اور جہلم کے مقامات پر موجود ہے۔

حکومت نے مارچ کو کسی بھی صورت جہلم سے آگے نہ بڑھنے دینے کا عندیہ دے رکھا ہے۔ نیشنل ہائی وے ، جی ٹی روڈ ، چناب ٹول پلازہ سے چکوال موڑ بھائی خان سوہاوہ تک چھ مقامات سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

اوجلا کینال وزیر آباد ،چناب ٹول پلازہ گجرات، کینال بریج اور جہلم ٹول پلازہ ، جہلم کینٹ، پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے مقامات، چکوال موڑ، بھائی خان پل سوہاوہ کے مقامات ٹریفک کے لئے بند ہیں۔