ماورائے عدالت قتل اور گرفتاریوں کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کئی علاقوں میں شہریوں نے بھارت مخالف مظاہرے بھی کیے ہیں

سری نگر() مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور گرفتاریوں کے خلاف جمعہ کے روز مکمل ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی ۔ ہڑتال کے موقع پر کئی علاقوں میں شہریوں نے بھارت مخالف مظاہرے بھی کیے  ۔ حریت کانفرنس  کی اپیل پرآزاد ی پسند کشمیری عوام  نے بڑے پیمانے پر قتل عام ،جبری گرفتاریوں، مسلمان ملازمین کی ملازمتوں سے برطرفی اورغیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیادمقدمات کے اندراج کے خلاف احتجاج کیا ۔ ادھر  حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل ، جبری گرفتاریوں،ظلم وتشدد، لوٹ مار اوردیگر جرائم کی تحقیقات بین الاقوامی جنگی جرائم ٹریبونل سے کرانے پر زوردیا ہے ۔ترجمان حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم و بربریت کاسخت نوٹس لے اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کاقتل عام بند کرائے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کرنے میں مدد دے۔