نہتے شہریوں کے قتل ، اور گرفتاریوں کے خلاف جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس

سری نگر() مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل ، بڑے پیمانے پر گرفتاریوں  کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کی  جائے گی ۔ اس روز مقبوضہ کشمیر میں شہری کاروبار زندگی معطل رکھ کر بھارتی ظالمانہ پالیسی کے خلاف احتجاج  کریں گے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس  نے کشمیری عوام سے کہاہے کہ وہ اپنے شہری حقوق پر قدغن کیلئے کالے قوانین کے نفاذ ، مسلمان ملازمین کی انکی ملازمتوں سے جبری برطرفی اور کشمیری نوجوانوں اور طلبا کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیلئے جمعہ کو مکمل ہڑتال کریں۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ مودی کی فسطائی حکومت نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے کیلئے ان کیخلاف اعلان جنگ کر رکھاہے ۔ انہوں نے ملازمین ، تاجروں، طلبا ، محنت کشوں، صحافیوں، وکلا اور حریت کارکنوں سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کے خلاف قابض انتظامیہ کی طرف سے جاری کریک ڈائونز اور غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی۔ حریت ترجمان نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی تاریخ میں کسی بھی مزاحمتی تحریک کواس طرح کے غیر انسانی اور وحشیانہ پالیسی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے جس کاآزادی کشمیری عوام کو سامنا ہے ۔ انہوںنے نڈر کشمیری عوام کی ثابت قدمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تاریخی حقائق ، سچائی اور اعلی اخلاقی معیارپر مبنی ہے لہذا تمام تر بھارتی ظلم و جبر کے باوجود جیت انشا اللہ کشمیری عوام کی ہی ہو گی ۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم اور فسطائیت سے نجات دلانے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قرردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔