وزیرِ اعظم عمران نے جدید کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں جدید الیکٹرکل سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کی شرح نمو میں ایک شہر ان کی قیادت کرتا ہے، انگلینڈ میں لندن، امریکا میں نیو یارک اور پاکستان کے لیے کراچی وہ اہم شہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی ایسا شہر ہے جس کی ترقی میں سارے پاکستان کی ترقی ہے تاہم یہاں 80 کی دہائی میں پیدا ہونے والے مسائل نے پورے ملک کو متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے لیے سب سے اہم اس کا ٹرانسپورٹ کا نظام ہے جس پر اس طرح سے سرمایہ کاری نہیں ہوئی جیسے ہونی چاہیے تھی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کے سی آر، گرین لائن کراچی کے لیے بہت بڑا قدم ہے اور جس تیزی سے کراچی پھیل رہا ہے، ہمیں مزید کام بھی کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا دوسرا بڑا مسئلہ پانی ہے، واپڈا چیئرمین نے بتایا ہے کہ 2 سالوں میں کراچی کو کے 4 کے ذریعے پانی پہنچادیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد کراچی کے دیگر مسائل کے لیے وفاق اور سندھ حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا، کئی چیزیں ایسی ہیں جو وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کے بغیر نہیں کرسکتی۔

اس موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے بنڈل جزیروں کے منصوبے پر دوبارہ غور کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ بنڈل جزیروں کا سب سے بڑا فائدہ باہر سے سرمایہ کاری کا آنا ہے، اس کا سارا فائدہ سندھ کو ہے اور ہم اس پر مزید بات بھی کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ سال سیلاب سے جو مسئلے آئے تھے، خوشی ہے کہ ان پر کام کا آغاز ہوگیا ہے، 3 اہم نالوں کا کام بھی ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے سی آر جیسے بڑے منصوبوں پر سندھ اور عوام کو پوری زور لگانی ہوگی کیونکہ اس میں مسائل پیدا آتے ہیں تاہم اگر یہ وقت پر مکمل ہوا تو اس پر کم سے کم لاگت آئے گی۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ عمران اسمعٰیل، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے وفاقی حکومت کے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جدت دینے کے وژن کے تحت کراچی سرکلر ریلوے کو نہ صرف بحال کیا جا رہا ہے بلکہ موجودہ نظام کو وسعت اور جدت دینے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جارہا ہے۔

جدید سرکلر ریلوے کے اسٹیشنز رہائشی، صنعتی اور دفتری علاقوں کو ملائیں گے جس سے کراچی میں نہ صرف ٹریفک کا بہاؤ کم ہوگا بلکہ روزگار کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت ہوگی۔

207 ارب کی مجموعی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں بجلی سے چلنے والی ٹرینیں شامل کی جائیں گی جس سے آلودگی کو کم کرنے میں معاونت ملے گی۔

بعدازاں وزیرِ اعظم گورنر ہاؤس کراچی میں اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔