معروف قلمکار ، کشمیری شاعر ،مصنف ڈاکٹر عزیر حاجنی انتقال کر گئے کشمیر یونیورسٹی میں اپنی سبکدوشی 2019تک کشمیری پڑھاتے رہے

سری نگر()معروف قلمکار ، کشمیری شاعر ،اورمصنف ڈاکٹر عزیر حاجنی64  برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ڈاکٹر حاجنی 1957 میں سوناواری کے حاجن علاقہ میں پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم حاجن میں حاصل کی اورگورنمنٹ ڈگری کالج بمنہ سے گریجویشن کی۔ انہوں نے کشمیر یونیورسٹی سے کشمیری زبان میں آنرز کی ڈگری حاصل کی۔ڈاکٹر عزیز حاجنی نے 2017 میں کشمیر یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔۔ وہ ایک کشمیری مصنف ، شاعر ، نقاد اور نئی دہلی کے شمالی علاقائی بورڈ کے لئے ساہتیہ اکادمی کے کنوینر تھے۔ انہوںنے اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور کشمیر یونیورسٹی کے شیخ العالم مرکزمیں اپنی سبکدوشی 2019تک کشمیری پڑھاتے رہے۔ 2015 میں انہیں جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز کا سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کشمیری زبان میںشاعری ، تنقید اور مختلف ادب موضوعات پر 20سے زائد کتابیں تحریر کیں۔وہ جموں و کشمیر کی غیر سرکاری تنظیم ادبی مرکز کمراز کے صدر بھی تھے۔ 2008 سے 2012 تک ، انہوں نے کشمیری زبان کے لیے ساہتیہ اکادمی کے کنوینر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس سے پہلے وہ 1997 سے 2002 تک اکادمی کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے تھے۔