حریت فورم کی طرف سے سید علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت

سرینگر06 ستمبر () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں نظربند حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے مودی حکومت کی طرف سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 92 سالہ حریت رہنما کی میت کو قبضے میں لینے اور اہلخانہ کی شرکت کے بغیر فوجی محاصرے میں ان کی تدفین کے بارے میں سید علی گیلانی کے دو بیٹوں کی طرف سے ذرائع ابلاغ کو بتائی گئی تفصیلات خوفناک اور دردناک ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ یہ کارروائی غیر انسانی ہے کیونکہ ایک انسان صرف تصور کر سکتا ہے کہ اس خاندان پر کیا بیتی ہوگی۔بیان میں کہاگیا کہ ان سختیوں کے بعد قابض حکام اب مرحوم رہنما کے اہلخانہ کو مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں کی دھمکیوں سے ہراساں کرکے اپنی بربریت کو بے نقاب کررہے ہیں۔ فورم نے کہا کہ دکھ اور نا انصافی کی اس گھڑی میں پوری قوم مرحوم رہنما کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔